نندوشی انڈیجینئیس کلچرل آرگنائزیشن چترال کی طرف سے چترال سے کراچی جیپ پر سفر کے ذریعے امن و آشتی کا پیغام

Nandoshi indigenous cultural organization jeep travel from chitral to karachi

کھواری رپورٹ

نندوشی انڈیجینئیس کلچرل آرگنائزیشن چترال کے نمائندوں نے چترال سے کراچی تک جیپ پر سفر کرکے مختلف ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے امن و محبت کا پیغام دیا۔ اس کاروان کی صدارت معروف گلوکار انصار الہٰی کر رہے تھے۔ ان کے ساتھ دوسرے موسیقاروں میں رضوان رضوی، شاہدلال، ذیشان، سمیر خان، قیاض محمود اور ربنواز خان شامل تھے۔

اس سفر کا آغاز 10 فروری 2023 کو چترال سے ہوا جو پشاور، لاہور، پنو عاقل (سندھ) سے ہوتا ہوا کراچی پہنچا۔ کراچی میں تنظیم کی سرگرمیوں کا آغاز 18 فروری کو شبِ معراج کی مناسبت سے نعت خوانی کی محفل سے ہوا جس میں علمائے کرام اور مدارس کے طالب علموں نے اس تنظیم کے امن و رواداری کے فروغ کے لیے کیے جانے والے سفر کو سراہا۔ 19 تاریخ کو کراچی میں موسیقی کی شاندار محفل منعقد کی گئی جس میں کراچی میں مقیم چترالیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

انصار الہٰی نے انہیں کراچی میں اپنی ثقافتی اور سماجی شناخت اور اقدار کو برقرار رکھنے کا پیغام دیا۔ انہوں نے چترالیوں سے حالیہ مردم شماری میں چترال سے اپنے ناموں کا اندراج کرانے اور اپنی سیاسی حقوق کے تحفظ کے لیے لائحہ عمل اپنانے پر زور دیا۔ انصار الہٰی نے چترالیوں سے کہا کہ وہ امن و رواداری کے ذریعے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنائیں اور چترال کا مثبت چہرہ پیش کریں۔

تنظیم نے کراچی میں مزارِ قائد پر حاضری دی اور چیپس کے صدر رحمت علی جعفر دوست کے ہمراہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں بھی حصہ لیا۔ بعدازاں یہ کاروان لاہور پہنچا اور وہاں بھی ثقافتی شوز کے ذریعے چترالیوں کو نہ صرف تفریح مہیا کیا بلکہ انہیں اپنی ثقافت اور اقدار سے جُڑے رہنے کا درس دیا۔

کراچی اور لاہور میں مقیم چترالیوں نے نندوشی انڈیجینئیس کلچرل آرگنائزیشن چترال کی اس کاؤش کو سراہا اور بھرپور انداز میں اس کی پذیرائی کی۔

یاد رہے کہ نندوشی انڈیجینئیس کلچرل آرگنائزیشن چترال کے قیام کا مقصد چترالی ثقافت کا تحفظ اور فروغ اور ملک اور بیرونِ ملک مقیم چترالیوں کے پاس جاکر ان میں چترالی ثقافت اور اقدار سے وابستگی کا احساس قائم رکھنا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *